امریکا نے افریقی ملک مالی سے آنے والے سیاحوں کی ایبولا وائرس کی بیماری کے حوالہ سے سکریننگ سخت کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مالی میں حالیہ چند دنوں میں ایبولا کے تصدیق شدہ متعدد کیس منظر عام پر آئے ہیں جس کے بعد مالی کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن ممالک کے شہریوں پر امریکا میں داخلہ کے وقت ایبولا وائرس کی اسکریننگ کے حوالہ سے پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ امریکی محکمہ برائے ہوم لینڈ سیکورٹی اور بیماریوں کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر والے مرکز نے
ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا میں مالی سے براہ راست کوئی پرواز نہیں آتی تاہم پھر بھی اوسطاً روزانہ 15 سے لے کر 20 افراد مالی سے امریکا براستہ دیگر ممالک سفر کرتے ہیں۔ ادھر سرالیون سے آنے والے ایبولا سے متاثرہ ڈاکٹر کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔ یہ ڈاکٹر سرالیون میں ایبولا کے مریضوں کا علاج کرتا رہا تاہم امریکا کا رہائشی ڈاکٹر مارٹن سالیہ کو ایبولا کے باعث یونیورسٹی آف نبراسکا کے میڈیکل سنٹر میں بالکل الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور اس کی زندگی بچانے کیلئے ہرممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔